کولمبو،24جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا): 26جولائی سے شروع ہونے والے سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ سے پہلے ہندوستانی ٹیم کو جھٹکا لگا ہے۔اوپنر کے ایل راہل بخار کے سبب ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔پیر کو بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے اس بات کی تصدیق کی۔بی سی سی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ راہل کو کوئی بڑی بیماری نہیں ہے، یہ صرف وائرل بخار ہے،راہل کو ابھی آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، تو وہ پہلے ٹیسٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
آپ کو بتا دیں کہ کے ایل راہل چوٹ کے بعد ٹیم میں واپسی کر رہے تھے۔اس سے پہلے ہندوستانی اور سری لنکا بورڈ پریسیڈنٹ الیون کے درمیان کھیلا گیا دو روزہ پریکٹس میچ ڈرا پر ختم ہوا۔دوسرے دن ٹیم انڈیا نے 312/9کے اسکور کے ساتھ اپنی اننگز ڈکلیئرکر دی تھی اور اس کے ساتھ ہی میچ ڈرا ہو گیا۔ہندوستان کی جانب سے کے ایل راہل نے 54اور وراٹ کوہلی نے 53رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 7اننگز میں 6نصف سنچریاں جمانے والے راہل کندھے کے آپریشن کے بعد واپسی کر رہے ہیں۔کندھے کی چوٹ کی وجہ سے وہ آئی پی ایل، چیمپئنز ٹرافی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے تھے۔